خادمین امت کے بیداری کیمپ کاکامیاب انعقاد


 

’’اسلام باہمی رواداری کی عمدہ تعلیم دیتاہے‘‘:میئر جئے شری پاوڑے صاحبہ
’’سائبر ایجوکیشن نوجوانوںکیلئے ضروری: ‘‘پی ایس آئی
’’عنقریب غیر انتخابی سیاسی تحریک کا آغاز ہوگا‘‘۔ عابد خان۔مضمون نویسی کے قومی سطح کے انعامات کی تقسیم

ناندیڑ:(راست)یکم؍اگست: خادمین امت نے ایک اور سرگرمی سے نئے سنگ میل کو عبور کیا۔ ناندیڑ کے اردوگھر میں ’’عوامی بیداری کیمپ‘‘ کے تحت آفات سماوی وارضی ، سائبر کرائم، روڈ سیفٹی اور قانونی معلومات پر معلومات بہم پہنچائی گئیں۔
سائبر کرائم برانچ کے پی ایس آئی مسٹر پرکاش تھورے نے آئن لائن ہونے والے فراڈ اور غیرضروری کال ومیسج اسی طرح انٹرنیٹ کے غلط استعمال پر مفصل روشنی ڈالی۔ ایڈوکیٹ جگ جیون بھیڑے نے بھی قانونی معلومات شرکا کیمپ کو دی۔ فائر بریگیڈکی پوری ٹیم جناب شیخ رئیس پاشاہ کے ہمراہ کیمپ میں موجود شرکا کو عملی مظاہرہ کرتے ہوئے آگ اور اس سے بچاؤ کے متعلق بہت اہم معلومات پیش کیں۔
خادمین امت کا یہ اہم کیمپ شہر کی معروف شخصیت جناب ایڈوکیٹ ایم زیڈ صدیقی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ناندیڑ بلدیہ عظمیٰ کی میئر محترمہ جئے شری پاوڑے مہمان خصوصی نے کیمپ کو رونق بخشی اور خادمین کی اس اہم سرگرمی کو سراہتے ہوئے اس طرح کے مزید پروگرام کی ضرورت پر زوردیا۔ موصوفہ نے کہاکہ یقینا اسلام باہمی رواداری کی تعلیم دیتا ہے اور مسلم نوجوان بیدار ہوکر سماج اور قوم کیلئے بہت سے مفید اور 
پُراثر کام کرسکتے ہیں۔


امیر خادمین امت عابدخان حمید خان نے تنظیمی خطاب کرتے ہوئے خادمین امت کی دیگر سرگرمیوں کے علاوہ موجودہ بیداری کیمپ کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ان شاء اللہ آئندہ بھی شہر کے مختلف محلہ جات اور تعلیمی اداروں میں اس طرح کے پروگرامس لے کر عوامی بیداری کاکام کیاجائے گا۔ اس موقع سے امیر خادمین امت نے اعلان کیاکہ بہت جلد خادمین امت کی جانب سے ’’غیر انتخابی سیاسی تحریک ‘‘کا آغاز کیاجائے گا اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے متعلقہ افسران سے نمائندگی کی جاتی رہے گی۔ یہ تحریک اپنے آپ کو انتخابات اور اس کی سرگرمیوں سے دور رکھے گی۔
کیمپ کے شرکا کو معروف صحافی وشاعر جناب الطاف ثانی صاحب، جناب محسن خان پٹھان اور قاضی محمدرفیق صاحب نے بھی خطاب کیا اور خادمین امت کی سرگرمیوں کو بہتر بتاتے ہوئے نوجوانوں کو ایسے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔

اس کیمپ کے استقبالیہ سیشن میں خادمین امت کی جانب سے قرآن فہمی پروگرام -۱۵ کے تحت اساتذہ کے لئے قومی سطح پر مضمون نویسی مقابلے کے انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ محترمہ حسیبہ خانم عبدالرشید خان معلمہ صدیقہ للبنات مدرسہ نرمل (اول انعام)، مدینتہ العلوم پرائمری اسکول ناندیڑ کی مددگار معلمہ محترمہ سعدیہ فاطمہ باسط علی خان (دوم انعام) اورپوسد کے شمس العلوم ہائی اسکول کے کامران احمدخان (سوم انعام) سے نوازاگیا۔

کیمپ کا آغاز محمد عمر عظام خاں کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ برادر محمدداؤد نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ برادر اسماعیل نے نظامت کے فرائض بخوبی نبھائے۔ حافظ محمدجاوید نے بھی اس کیمپ میں شرکت کی ۔ اس کیمپ کی تیاری اورانعقاد میں ایڈوکیٹ محمدایوب جاگیردار اور محمد ظہیر الدین انعامدار نے کلیدی کردار اداکیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post